غزہ،6جون؍(آئی این ایس انڈیا)فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں وزارت داخلہ نے جیلوں میں معمولی جرائم کے تحت قید 156افراد کو ماہ صیام کے موقع پر رہا کر دیا گیا ہے۔فلسطینی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ معمولی جرائم میں اپنی سزائے قید کا دو تہائی حصہ مکمل کرنے والے ان 156قیدیوں کو رہا کیا گیا ہے، جنہوں نے دوران حراست اپنے جرائم پر ندامت کا اظہار کرتے ہوئے حسن سلوک کا بھی مظاہرہ کیا ہے۔رہائی پانے والے ایک شہری نے مرکزاطلاعات فلسطین سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ اسے دو سال قبل چوری کے الزام میں جیل بھیجا گیا تھا۔ اس نے اپنی سزا کا دو تہائی مکمل کر لیا ہے جس کے بعد اسے رواں ماہ صیام سے قبل رہا کر دیا گیا۔ رہائی پانے والے شہری نے غزہ حکومت کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔جیلوں میں قیدیوں کی اصلاح کے پروگرام کے ڈائریکٹر جنرل فواد ابو ابطیحان نے بتایا کہ وہ ہرسال سال خوشی کے مواقع پر قیدیوں کی رہائی کا اہتمام کرتے ہیں۔ ماہ صیا اور عیدین کے موقع پر بھی قیدی رہا کیے جاتے ہیں۔ عموما ایسے قیدی جو اپنی مدت حراست کا دو تہائی مکمل کر چکے ہوتے ہیں اور اس دوران ان کا چال چلن بھی مثبت رہتا ہے تو انہیں باقی سزا کی چھوٹ دے دی جاتی ہے۔